ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عوامی سہولت کی فراہمی کے لئے حکومت وپرو اشتراک، عظیم پریم جی کی کمار سوامی سے ملاقات، کئی منصوبوں پر تال میل کی خواہش

عوامی سہولت کی فراہمی کے لئے حکومت وپرو اشتراک، عظیم پریم جی کی کمار سوامی سے ملاقات، کئی منصوبوں پر تال میل کی خواہش

Wed, 25 Jul 2018 13:39:43    S.O. News Service

بنگلورو25؍جولائی(ایس او نیوز) عوامی سہولت کی فراہمی کے لئے کارپوریٹ شعبے کے حکومت سے اشتراک کے لئے وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کی پہل سے اتفاق کرتے ہوئے آج ملک کی معروف وپرو کمپنی نے اس سلسلے میں ریاستی حکومت کے ساتھ تال میل کی پہل کی۔

وپرو گروپ کے چیرمین ڈاکٹر عظیم ہاشم پریم جی نے آج وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی سے ملاقات کرکے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔شہر میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کو روکنے کے لئے حکومت سے اشتراک پر اتفاق ظاہر کرتے ہوئے عظیم پریم جی نے کہاکہ اس منصوبے کوآگے بڑھانے کے لئے حکومت کی طرف سے ایک نوڈل افسر کا تقرر فوراً کیا جائے ۔ وزیر اعلیٰ نے اسے منظوری دیتے ہوئے محکمۂ جنگلات کے اڈیشنل چیف سکریٹری کو نوڈل افسر کے طور پر مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں وپرو کی طرف سے فروغ زراعت کے لئے حکومت آندھرا کے ساتھ کئے گئے اشتراک کے طرز پر کرناٹک کے ساتھ بھی وپرو گروپ نے اشتراک کی خواہش ظاہر کی جسے وزیراعلیٰ نے منظور کرلیا۔ تعلیمی شعبے میں پہلے ہی وپرو کی طرف سے حکومت کرناٹک کے ساتھ بڑے پیمانے پر تال میل کیا جارہاہے۔ متعدد سرکاری اسکولوں میں ترقیاتی کام وپرو کی طرف سے کروائے گئے ہیں، اس کے علاوہ تعلیمی پیش رفت کی نگرانی کے لئے بھی وپرونے حکومت کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔ عظیم پریم جی نے کہا کہ آنے والے دنوں میں دیگر شعبوں میں بھی حکومت کے ساتھ وپرو اشتراک کے لئے کوشاں ہے۔اس موقع پر عظیم پریم جی نے وزیر اعلیٰ کو شہر کے شرجا پور روڈ پر ٹریفک کے اژدہام اور یہاں کے مسائل کی طرف توجہ مبذول کرائی اس پر وزیر اعلیٰ نے کہاکہ حکومت کی طرف سے اس پر خصوصی توجہ دی جاچکی ہے، شرجا پور روڈ کی تجدید ومرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔ 


Share: